ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جرائم کی سرکوبی کے لئے بین ریاستی تال میل ضروری: وزیر داخلہ پرمیشور

جرائم کی سرکوبی کے لئے بین ریاستی تال میل ضروری: وزیر داخلہ پرمیشور

Sat, 29 Sep 2018 12:44:17    S.O. News Service

بنگلورو، 29؍ستمبر(ایس او نیوز) ترقیات زمانہ کے ساتھ بڑھتی ہوئی غیر قانونی سرگرمیوں کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے مختلف ریاستوں کی پولیس کے درمیان تال میل کو اور بڑھانے کی ضرورت پر نائب وزیراعلیٰ و وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے زور دیا۔آج شہر میں جنوبی ریاستوں کے ڈائرکٹر جنرلس آف پولیس کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محکمۂ پولیس کو دن بدن نئے نئے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ ایک طرف سے عوام کو دہشت گردانہ سرگرمیوں سے بچانے کا چیلنج تو دوسری طرف نظم وضبط کی نگرانی کا چیلنج ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو آسانی سے مشتعل کرکے انہیں ملک اور مختلف طبقوں کے خلاف بھڑکایا جاتاہے، اس چیلنج کا موثر جواب دینے کے لئے ریاستی پولیس فورسس کے درمیان بہتر تال میل درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی محکمۂ پولیس میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبہ بندی کو بڑھاوا دیا گیا ہے۔ پڑوسی ریاستوں کے ساتھ پولیس فورس کے درمیان بہتر تال میل اور معلومات کے تبادلوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جنوبی ریاستوں کے ڈائرکٹر جنرلوں کے ساتھ انسپکٹرجنرلوں کی یہ میٹنگ نہ صرف انتہائی اہمیت کی حامل ہے بلکہ اس سے ریاستوں کے درمیان تال میل کے لئے طلب کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج کے انٹرنیٹ دور میں مجرم پیشہ عناصر کو پکڑنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رات کے وقت گشت پر تعینات پولیس جوانوں کی طرف سے کاغذی کتاب پر دستخط کرکے جانے کا رجحان ختم کرکے انہیں بھی جدید آلات فراہم کرنے کی طرف توجہ دینا چاہئے۔میٹنگ میں ریاستی پولیس کی ڈائرکٹر جنرل نیلامنی ایم راجو ، تلنگانہ کے ڈی جی پی مہیندرا اور دیگر جنوبی ریاستوں کے ڈی جی پی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔


Share: